ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / راجیہ سبھا کے اعداد و شمار نے حکمرانوں کے گمراہ کُن بیانیہ کی قلعی کھول کر رکھ دی:نیشنل کانفرنس

راجیہ سبھا کے اعداد و شمار نے حکمرانوں کے گمراہ کُن بیانیہ کی قلعی کھول کر رکھ دی:نیشنل کانفرنس

Tue, 20 Dec 2022 19:15:47    S.O. News Service

سری نگر،20؍ دسمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) نیشنل کانفرنس نے راجیہ سبھا میں جموں و کشمیر سے متعلق سرمایہ کاری کے اعداد و شمار کو چشم کُشا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی اور جموں وکشمیر حکومت کے بلند بانگ دعوؤں کی قلعی پوری طرح کھل گئی ہے۔

پارٹی کے ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق نے کہا ہے کہ حکمران جہاں گذشتہ3سال سے جموں وکشمیر سرمایہ کاری کے گمراہ کُن اعداد و شمار پیش کرتی آرہی تھی اسی بیچ راجیہ سبھا میں آج ایک سوال کے جواب میں یہاں سرمایہ کاری سے متعلق اصل حقائق پوری طرح سامنے آگئے ہیں اور حکومت کے ہزاروں کروڑ سرمایہ کاری کے گمراہ کُن بیانیہ کی حقیقت عوام کے سامنے آگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ راجیہ سبھا میں پیش کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق سال 2017-18میں 840.55کروڑجبکہ 2018-19میں 590.97کروڑ کی سرمایہ کاری ہوئی ہے اور دفعہ370کی منسوخی کے بعد 2019-20میں محض296.64کروڑ،2020-21میں 412کروڑ اور2021-22میں محض376.76کروڑ کی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔

این سی ترجمانِ اعلیٰ نے کہاکہ ان اعداد و شمار سے یہ بات صاف ہوگئی ہے کہ دفعہ370/اور 35/اے کسی بھی صورت میں جموں وکشمیر میں سرمایہ کاری میں رکاوٹ نہیں تھے۔ اُلٹا ان دفعات کی منسوخی کے بعد یہاں سرمایہ کاری میں کافی حد تک گراوٹ آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر حکومت نے یہاں سرمایہ کاری سے متعلق عوام کو گمراہ کرنے کیلئے بڑے بڑے پروگرام کئے اور اس دوران باہری ملکوں سے سرمایہ کاروں کو لایا گیا وہ سب کچھ سراب ثابت ہوگیا۔ اُلٹا ان پروگراموں پر زرکثیر خرچ کرکے خزانہ عامرہ پر زبردست بوجھ ڈالا گیا۔

تنویر صادق نے کہا کہ یہ اعداد و شمار مرکزی حکومت کیلئے چشم کُشا ہونے چاہئیں اور وقت رہتے جموں وکشمیر سے متعلق لئے گئے غیر سنجیدہ فیصلوں کو واپس لیا جانا چاہئے۔


Share: